حوزہ نیوز ایجنسی تہران کے مطابق، بین الاقوامی قرآن کریم نمائش میں حوزہ علمیہ کے بین الاقوامی شعبے کے اسٹال پر انگلش زبان میں "انسانی زندگی کی حرمت و قداست، اسلام میں ناحق قتل کی ممانعت اور قتل کی شدت و مذمت" (سورہ مائدہ، آیت ۳۲) کے عنوان پر ایک نشست منعقد ہوئی۔ جس میں ڈاکٹر جامیو آمائو سالیو نے قرآنی اور اسلامی نقطہ نظر سے انسانی زندگی کی حرمت کے کلامی اور اخلاقی اصولوں کی وضاحت کی۔
انہوں نے قرآن میں انسانی مقام و مرتبے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: اسلام خلقت اور انسان کی برتری پر زور دیتا ہے اور انسانی زندگی کو مقدس سمجھتا ہے جو انسان پر جانوں کے تحفظ اور ان کے احترام کی ذمہ داری عائد کرتا ہے۔
ڈاکٹر سالیو نے مزید کہا: قرآن کریم نے انسانی کرامت کو بیان کیا ہے اور انسانوں کو زمین میں خدا کا جانشین قرار دیا ہے لہٰذا عدل کا قیام اور ناحق قتل کی روک تھام ایک الٰہی فریضہ ہے۔
انہوں نے سورہ مائدہ کی آیت ۳۲ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: قرآن کریم ایک ناحق قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے برابر قرار دیتا ہے اور ایک انسان کی جان بچانے کو پوری بشریت کی نجات کے مساوی سمجھتا ہے۔
ڈاکٹر سالیو نے مزید کہا: یہ اخلاقی و قانونی اصول اسلامی تعلیمات میں انسانی جان کے تحفظ کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا: اسلام میں "حفظ جان" کا اصول اخلاقی و قانونی بنیاد فراہم کرتا ہے تاکہ تشدد اور ناحق قتل کے خلاف اقدام کیا جا سکے۔
اپنی گفتگو کے اختتام پر ڈاکٹر سالیو نے قرآنی بنیادوں پر انسانی زندگی کی حرمت کی وضاحت کی اور کہا: قرآن نے انسانی خلقت کو ایک الٰہی عمل قرار دیا ہے اور انسانی زندگی کی قداست پر زور دیا ہے جبکہ قرآن کریم میں انسان کی برتری کو ایک اخلاقی و الٰہی ذمہ داری کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ